جنیوا: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث مزید 35 افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 979 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 86 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 86 ہزار 992 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 7 ہزار568 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 42 ہزار334 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے، وائرس کے تشویشناک کیسز کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 64 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث اٹلی، ایران، ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ہلاکتیں ہوئیں۔کورونا وائرس افغانستان اور پاکستان بھی پہنچ چکا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد جاپان نے بھی پاکستانی مسافروں کی آمد پر پابندی عائد کردی۔
وزارت خارجہ کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد جاپان نے بھی پاکستانی باشندوں پر اپنے ملک میں داخلے کی پابندی عائد کردی ہے۔
مزید پڑھیں: جاپان نے پاکستانی مسافروں کی آمد پرپابندی عائد کردی