بیجنگ: ہمسایہ ملک چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 138 افراد ہلاک ہو گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 11 ہو گئی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز تک 1873 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 75 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
ورلڈ و میٹرز کے مطابق اب تک 75ہزار 216 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جن میں سے 12 ہزار 57 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔
وائرس کے باعث متاثر ہونے والے افراد میں سے 14 ہزار 634 افراد شفا یاب ہوچکے ہیں جسے ایک حوصلہ افزا صورتحال قرار دیا جارہا ہے، تاہم وائرس کے پھیلاؤ کی شرح تشویشناک حد تک زیادہ ہے۔
ہوبائی نامی چینی صوبے کے شہر وہان میں کورونا وائرس نے سب سے زیادہ افراد کو متاثر کیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی صوبہ ہوبائی میں ہوئیں۔
اب تک 29 ممالک میں کورونا وائرس پائے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جبکہ وائرس کے باعث ہانگ کانگ، فلپائن اور یورپ میں بھی ایک ایک ہلاکت ہوئی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی خصوصی درخواست پر چین میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران کو وہان شہر کا دورہ کروایا گیا تاکہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ شہر میں پاکستانی طلباء سے ملاقاتیں کرسکیں۔
چین نے پاکستانی حکومت کی درخواست پر گزشتہ روز پاکستانی سفارت خانے کو 2 اہلکاروں پر مشتمل اسپیشل ٹاسک فورس ترتیب دے کر وہان کی مختلف یونیورسٹیوں میں پاکستانی طلباء سے ملاقات کی اجازت دی۔
مزید پڑھیں: چین میں پاکستانی سفارت خانے کے افسران کا وہان شہر کا دورہ