لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نامزد کئے گئے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن رضا نقوی کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد گورنر ہاؤس لاہور کیا گیا، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے ان سے حلف لیا، تقریب میں سرکاری حکام اور نگران وزیر اعلیٰ کے عزیز و اقارب شریک ہوئے۔
حلف برداری تقریب میں آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار، سابق سی سی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، سابق گورنر پنجاب چودھری سرورکے علاوہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سید محسن رضا نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیراعلیٰ بنانے پر الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کردیا۔
ٹویٹر پر پی ٹی آئی رہنما نے لکھا کہ ہم محسن نقوی جیسے متنازعہ شخص کو وزیر اعلیٰ بنانے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں کو تیار رہنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سربراہ عمران خان کی قیادت میں بھرپور مہم چلائی جائے گی۔
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو طنزیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی ”اس عہدے کے لیے سب سے زیادہ نا مناسب سمجھے جانے والے شخص” تھے۔
مزید پڑھیں:مریم نواز 27 جنوری کو پاکستان واپسی کیلئے روانہ ہوں گی، رانا ثنا اللہ
علاوہ ازیں سابق وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے بھی الیکشن کمیشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی پارٹی محسن نقوی کی تقرری کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرے گی۔