لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جعلی انجکشن پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم متاثرہ افراد کا مفت علاج کروائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نگران صوبائی حکومت نے بینائی متاثر کرنے والا انجکشن سامنے آنے کے بعد سخت کارروائی کی۔ انجکشن بنانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کی۔
الیکشن عمران خان کے بغیر بھی ہوسکتے ہیں، نگران وزیر اعظم
تحقیقاتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں پنجاب کے دیگر اضلاع سے بھی رابطوں کا فیصلہ سامنے آیا۔ پنجاب کے کم از کم 4 شہروں میں جعلی انجکشن سے بینائی جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ متاثرہ افراد کی تعداد 60سے تجاوز کر گئی۔
نگران وزیر اعلیٰ نے جعلی انجکشن Avastin کے استعمال سے بعض مریجوں کی بینائی متاثر ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آشوبِ چشم کی وبا کے سدباب کیلئے بھی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انجکشن کی انکوائری رپورٹ تک فروخت بھی روک دی گئی۔
تمام تر انجکشنز مارکیٹ سے ہٹا دئیے گئے ہیں۔ جن شہروں میں مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی، وزیر اعلیٰ نے وہاں کے ڈرگ انسپکٹرز کے خلاف کارروائی اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو متعلقہ ہسپتالوں کی تفتیش کا حکم بھی دیا۔