پاکستانی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکار محسن عباس نے گلوکار بلال مقصود سے اتفاق کرتے ہوئے یو ٹیوب میں قرآنی آیات کو مونیٹائز کرنے کے عمل کی مخالفت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لالی ووڈ اداکار محسن عباس نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مجھے بلال مقصود سے اتفاق ہے کہ سماجی رابطے اور ویڈیو شیئرنگ کی ویب سائٹ یو ٹیو پر قرآنِ پاک کی ویڈیوز اور سورتیں مونیٹائز نہیں ہونی چاہئیں۔
اپنی انسٹا گرام اسٹوری میں اسکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے اداکار محسن عباس نے کہا کہ جب میں نے یو ٹیوب پر قُل سے شروع ہونے والی 4 قرآنی سورتیں ویڈیو کی صورت میں پوسٹ کیں تو اشتہارات سامنے آ گئے۔
دو ماہ قبل اگست کے دوران بلال مقصود نے کہا کہ قرآنی آیات سمیت کسی بھی قسم کا مذہبی مواد یو ٹیوب پر مونیٹائز نہ کیا جائے کیونکہ مارکیٹنگ کے دوران مختلف اشتہارات مذہبی مواد کی ویڈیوز کے درمیان نشر ہوتے ہیں۔
انسٹا گرام پر ہی پوسٹ کی گئی اسٹوری میں بلال مقصود نے کہا یوٹیوب پر سورۂ رحمٰن کی تلاوت سنتے ہوئے کسی کوکنگ آئل یا لان کا اشتہار بے ادبی کے زمرے میں آتا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر اِس حوالے سے مثبت ردِ عمل دیکھنے میں آیا۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ منشا پاشا نے جبران ناصر کیساتھ سالگرہ کی تصاویر شیئر کردیں