سول اسپتال کراچی میں تین جدید موڈیولر آپریشن تھیٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ان جدید موڈیولر آپریشن تھیٹرز کو انفیکشن کنٹرول کے عالمی معیار کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے جس پر 40 سے 45 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور دو ماہ کے اندر اس پر کام کا آغاز متوقع ہے۔
اس حوالے سے سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے بتایا کہ موڈیولر او ٹی منصوبہ گزشتہ دو برسوں سے زیر بحث تھا، جس کی باقاعدہ منظوری مالی سال 2025-26 میں صوبائی حکومت نے دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا کریڈٹ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو اور سیکریٹری صحت ڈاکٹر ریحان بلوچ کو جاتا ہے۔ سندھ بھر میں 15 موڈیولر او ٹی قائم کیے جائیں گے جن میں سے 3 سول اسپتال کراچی میں بنائے جائیں گے۔
ڈاکٹر خالد بخاری نے کہا کہ کراچی کے نجی اسپتالوں میں پہلے ہی موڈیولر او ٹیز موجود ہیں، سول اسپتال کراچی کا پہلا اور واحد سرکاری اسپتال ہوگا جہاں یہ جدید سہولت میسر ہوگی،انہوں نے بتایا کہ موڈیولر او ٹی میں دورانِ آپریشن جراثیم سے پاک ماحول کو یقینی بنانے کے لیے ہیپا فلٹرز کے ذریعے مسلسل صاف ہوا فراہم کی جاتی ہے جو سرجن اور مریض دونوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرتا ہے۔