مودی حکومت نے بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کے شہر امرتسر میں لگے ہوئے وزیر اعظم عمران خان اور کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کی تصاویر سے مزین پوسٹرز اور بل بورڈز کو اتار دیا ہے ۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان دو روز بعد کرتار پور راہداری کا افتتاح کریں گے، جس کی خوشی میں سکھ برادری نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے ساتھ وزیر اعظم عمران خان کی تصاویر پوسٹرز میں شائع کرائیں جنہیں ہٹا دیا گیا ہے۔
سکھ برادری کی دُنیا بھر میں سب سے بڑی عبادت گاہ کرتارپور راہداری کے افتتاح کے موقعے پروزیر اعظم عمران خان سے اظہارِ تشکر مودی حکومت کو ایک آنکھ نہ بھایا، جس پر زبردستی بل بورڈز اور پوسٹرز کو امرتسر سے ہٹا دیا گیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان سکھ کمیونٹی کے چیئرمین نے وفاقی حکومت سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ کرتارپور راہداری کھولنا پاکستان کا ایک قابلِ تعریف اقدام ہے جس سے سکھوں کے خواب کی تعبیر ہو رہی ہے۔
چیئرمین سکھ کمیونٹی پاکستان رادیش سنگھ نے ننکانہ صاحب میں کرتارپور راہداری کھولنے کو بہت بڑا اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کا احسان زندگی بھر نہیں اُتار سکتے، اس اقدام سے سکھ کمیونٹی بہت خوش ہے۔
سکھ کمیونٹی سربراہ نے کہا کہ دُنیا بھر میں موجود سکھ برادری اور بین الاقوامی کمیونٹی کو پاکستان نے ایک مثبت پیغام دیا ہے جبکہ سکھ یاتریوں کی آمد کا شیڈول بھی طے کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کرتارپور راہداری: سکھوں کے خواب کی تعبیر ہو رہی ہے۔ چیئرمین سکھ کمیونٹی