کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے قائم خانی چوک پر ڈکیتی کی کوشش کرنے والے ایک ڈاکو کو مشتعل ہجوم نے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق ہیلپ لائن 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ چار ڈاکو علاقے میں شہریوں کو لوٹ رہے ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ڈاکو اس وقت کسی ہتھیار سے لیس نہیں تھے۔
ہتھیار نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مقامی شہریوں نے ایک ڈاکو کو قابو کر لیا جبکہ اس کے تین ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ہجوم نے غصے میں آ کر پکڑے گئے ڈاکو کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کے مجرمانہ ریکارڈ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم مزید تفصیلات ابھی سامنے نہیں آ سکیں۔
واضح رہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں۔ شہر کا کوئی بھی علاقہ ان جرائم سے محفوظ نہیں، اور معمولی موبائل فون چھیننے کے دوران شہریوں کی جان لینے سے بھی گریز نہیں کیا جاتا۔
شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی وجہ سے شہریوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ ملزمان کو پولیس کے حوالے کرنے کے بجائے لوگ خود انصاف کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں کیونکہ پولیس پر یہ الزام ہے کہ وہ ملزمان سے رشوت لے کر انہیں رہا کر دیتی ہے، جس کے بعد وہ دوبارہ جرائم کرنے کے لیے آزاد گھومتے ہیں۔