آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش نے پاک بھارت مقابلے کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا سب سے بہترین مقابلہ قرار دیا۔
مچل مارش نے سری لنکا سے ہونے والے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں پاک بھارت میچ پر اظہار خیال کیا، اُن کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا مقابلہ اس سے زیادہ بہتر نہیں ہو سکتا جو میلبرن میں دنیا نے دیکھا۔
آسٹریلوی بلے باز کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے میچ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو وہیں روک دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ کا حصہ بننا میرے لیے باعث مسرت ہوگا، میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ پاک بھارت میچ کے اس ہجوم میں رہنا اور اس کا حصہ بننا کیسا ہوتا ہے، پاک بھارت میچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میچ ہمیشہ دیکھنے کے لیے ناقابل یقین ہوتا ہے۔
مزید پڑھیں:کیا شاہین آفریدی کو پاک بھارت میچ میں ادھوری فٹنس کے ساتھ لایا گیا تھا؟
یاد رہے کہ بھارت نے پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔تاہم آخری اوور میں ہونے والی نو بال متنازع ہوگئی تھی، جس نے امپائرنگ پر سوالات اٹھادیئے تھے۔