لاہور: نیوزی لینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی حکام مصباح الحق کی کارکردگی سے ناخوش نظر آتے ہیں۔ پی سی بی نے غیر ملکی کوچ لانے پر غور شروع کردیا ہے۔ مصباح الحق وطن واپسی پر کرکٹ کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے۔
جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ٹیم کی کرکٹ سیریز ممکنہ طور پر مصباح الحق کی آخری اسائنمنٹ ثابت ہوسکتی ہے۔ ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے پی سی بی حکام اینڈی فلاور کے نام پر غور کررہے ہیں۔ اینڈی فلاور ہیڈ کوچ کیلئے فیورٹ امیدوار ہیں۔
دوسری جانب ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام نے جنوبی افریقہ کے سینئر کرکٹر گیری کرسٹن سے بھی رابطہ کیا ہے۔ اینڈی فلاور نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو ہیڈ کوچ کے عہدے کیلئے جواب دینے کا وقت مانگ لیا۔
مصباح الحق کے عہد میں قومی کرکٹ ٹیم آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد نیوزی لینڈ سے بھی کرکٹ سیریز ہارگئی ہے۔ مصباح کی کوچنگ کے دوران پاکستان نے 9 میں سے صرف 2 ٹیسٹ میچز جیتے۔ قبل ازیں سری لنکا نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی میں وائٹ واش کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: شکست قومی کرکٹ ٹیم کا مقدر بن گئی، نیوزی لینڈ کا کلین سویپ