وفاقی وزارت صحت نے حکومت سے بھارت سے مچھر دانیاں خریدنے کی اجازت طلب کر لی۔
نیشنل ملیریا کنٹرول پروگرام کے مطابق پاکستان کے 26 اضلاع میں ملیریا نے تباہی پھیلا رکھی ہے، جبکہ ان اضلاع میں فوری طور پر 71 لاکھ مچھر دانیوں کی ضرورت ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ عالمی ادارہ گلوبل فنڈ فوری طور پر بھارت سے مچھر دانیاں خرید کر دینے کو تیار ہے، اتنی بڑی تعداد میں مچھر دانیاں فوری طور پر بھارت سے خریدی جا سکتی ہیں۔
ملیریا کنٹرول پروگرام کے مطابق اس ماہ سندھ میں ملیریا کے 80 ہزار سے زائد کیسز سامنے آ چکےہیں، جبکہ 22 فیصد سے زائد کیسز ‘پلازموڈیم فالسی فیرم’ ٹائپ ہیں جو خطرناک ہے۔
ماہر متعدی امراض ڈاکٹر اسد علی کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا ٹیسٹنگ کٹس اور ادویات کی شدید قلت ہے اور سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا سے بچے بڑی تعداد میں متاثر ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں ملیریا ٹیسٹنگ کٹس اوراینٹی ملیریل ادویات پہنچائی جائیں، ملیریا کا توثیقی ٹیسٹ کیے بغیرعلامات کی بنیاد پرفوری علاج شروع کیا جائے۔