بوگس میٹرز اسکینڈل،وزارت انرجی نے دوبارہ انکوائری کھول دی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

بوگس میٹرز اسکینڈل،وزارت انرجی نے دوبارہ انکوائری کھول دی
بوگس میٹرز اسکینڈل،وزارت انرجی نے دوبارہ انکوائری کھول دی

اسلام آباد:آئیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر کی جانب سے بوگس میٹر اسیکنڈل میں ملوث دو افسران اور چار چھوٹے افسران کو برطرفی سے بچا کر انکوائری بند کرنے کے باعث وزارت انرجی نے دوبارہ انکوائری کھول دی ہے۔

پیپکو کے ایک اعلیٰ افسر نے پچھلے تین دن سے شعبہ آپریشن ڈویژن ون اور جی سکس سب ڈویژن میں تحقیقات کا عمل شروع کر رکھا ہے اور سرپرستی کرنے والے مافیا نے انکوائری آفیسر کو مبینہ طور پر پچاس لاکھ میں معاملہ دبانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ایک بااثر وفاقی وزیر کی آشیربادسے آئیسیکو چیف ایگزیکٹو آفیسر بننے والے شاہد اقبال چوہدری کرپشن روکنے کی راہ میں رکاوٹ بن گئے اور کمپنی کے متعلقہ شعبے میں مہارت رکھنے والے افسران کو کھڈے لائن لگا کر من پسند کرپٹ افسران کو 24 دو دو اضافی چارج دے دیئے۔من پسند کرپٹ افسران کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے اس کی ایک تازہ مثال بوگس میٹر اسکینڈل ہے۔

جس میں موصوف چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ڈی جی ہیومن ریسورس کے ذریعے انکوائری کمیٹی کی سفارشات کو نظر انداز کر کے دو اعلیٰ افسران چیف انجینئر سرویلنس اینڈ انویسٹی گیشن حمیداللہ خان اور چیف انجینئر پلاننگ شیر عباس اور چار چھوٹے افسران ایس ڈی او جی سکس ڈویژن محمد سجاد لائن سپریٹنڈنٹ، وحید فاروق لائن سپرنٹنڈنٹ، خالد حسین شاہ، لائن سپرنٹنڈنٹ کو برطرفی سے بچا کر پانچ چھوٹے افراد کو ملازمت سے برطرف کرکے انکوائری بند کردی ہے۔

جن کی سرپرستی میں عرصے سے چلنے والے 152 بوگس میٹر پکڑے جا چکے ہیں،جن پر لاکھوں یونٹ پینڈنگ نکلے ہیں،جن کی ریڈنگ کا اندازہ لگانا ممکن نہیں اس انکوائری کے شروع ہونے پر درجنوں بوگس میٹرز بھی غائب کئے گئے ہیں۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ بوگس میٹر اسکینڈل کی سرپرستی کرنے والی مافیا نے انکوائری افسر کو مبینہ طور پر پچاس لاکھ میں معاملہ دبانے کا عندیہ دے دیا ہے،اب دیکھنا ہوگا کہ اس انکوائری رپورٹ سے مزید کیا حقائق سامنے آتے ہیں یا معاملہ دبا دیا جاتا ہے۔

Related Posts