ہوانا: کیوبا کا فوجی ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کیوبا کی فوج کے جنگی ہیلی کاپٹر نے مشرقی صوبے ہولگوین سے گوانتانامو کے مختصر سفر کے لیے پرواز بھری تھی تاہم کچھ ہی دیر بعد ہیلی کاپٹر کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔
کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہونے پر ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا گیا جس کے دوران ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک قریبی پہاڑی علاقے سے مل گیا۔ ملبے سے پانچوں اہلکاروں کی لاشوں کو نکال لیا گیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
تاحال حادثے کی وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔ کیوبا کی فوج کے ترجمان کے مطابق حادثے کی تحقیقات کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کیوبا ہی میں مئی 2018 میں ہونے والے طیارہ حادثہ میں 112 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور صرف ایک مسافر زندہ بچ پایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی ایئر پورٹ کے قریب پی آئی اے کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا