لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ رنگارنگ تقریب میں پاکستانی نژاد برطانوی ماڈل میا صدیق کو مس پاکستان 2025 کا تاج پہنایا گیا جبکہ حسن عبداللہ کو مسٹر پاکستان قرار دیا گیا۔
اس تقریب میں خواتین کے دیگر اعزازات بھی شامل تھے، جن میں ڈاکٹر حفصہ احمد کو مس یونیورسل اور صبا چوہدری کو مس پاکستان سپریم کے خطابات سے نوازا گیا۔
مسٹر اینڈ مس ورلڈ پاکستان 2025 کی اس قومی تقریب میں مختلف نامور سماجی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں ان قومی اور بین الاقوامی منتخب فائنلسٹس کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے مس ورلڈ اور مسٹر ورلڈ کی کیٹیگریز میں حصہ لیا۔
اداکارہ فرحانہ مقصود اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید حسن مرتضیٰ بھی تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں شامل تھے۔
مس پاکستان ورلڈ کی صدر سونیا احمد نے کہا کہ یہ مقابلہ خواتین کی خوبصورتی اور صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے منعقد کیا جاتا ہے تاکہ دنیا کو پاکستانی خواتین کے باوقار اور باصلاحیت پہلوؤں سے روشناس کرایا جا سکے۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان میں سرکاری سطح حسن کے مقابلے کی اجازت نہیں ہے اور نہ ہی پاکستان بین الاقوامی مقابلہ حسن میں بطور ریاستی نمائندہ شریک ہوتا ہے تاہم یہ تقریب نجی سطح پر منعقد کی گئی اور اس میں پاکستانی نژاد ماڈلز اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز سے منسلک افراد نے شرکت کی۔