لاہور میں مینارِ پاکستان کے قریب میٹرو بس میں آگ لگ گئی، جان بچانے کیلئے ڈرائیور نے بس سے چھلانگ لگا دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی مشہورومعروف بس سروس میٹرو کے حفاظتی انتظامات بے نقاب ہوگئے، مینارِ پاکستان کے قریب میٹرو بس میں آگ لگ گئی۔
میٹرو بس میں آتشزدگی پر ڈرائیور نے بس سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچالی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے کیلئے جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو ٹیموں نے موقعے پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا۔ میٹرو بس کو آتشزدگی کے باعث شدید نقصان پہنچا، تاہم حادثے میں ہونے والے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
آتشزدگی کی وجوہات کے متعلق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹرو بس میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ حادثہ پیش آنے کے وقت بس خالی تھی جبکہ چھلانگ لگانے کے باعث ڈرائیور کی جان بھی بچ گئی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دریائے سواں کے کنارے کاک پل کے مقام پر 2 آئل ٹینکرز کے تصادم کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے بڑے پیمانے پر آتشزدگی اور نقصان ہوا۔
رواں ماہ 9 جون کے روز 2 آئل ٹینکرز آپس میں ٹکرا کر الٹ گئے۔ جس سے آگ لگ گئی اور دھویں کے بادل فضا میں دور دور تک پھیل گئے۔ آگ نے جائے حادثہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے بعد فائر فائٹرز کی گاڑیاں جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کے کام میں مصروف ہوگئیں۔ مزید فائر فائٹرز کو بھی طلب کر لیا گیا۔
مزید پڑھیں: 2 آئل ٹینکرز کے تصادم سے بڑے پیمانے پر آتشزدگی، ہلاکتوں کا خدشہ