محکمہ موسمیات نے آج بھی کراچی میں مغربی ہواؤں کے زیر اثر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے، بارش کا یہ سلسلہ 10 مئی تک جاری رہ سکتا ہے جس کے دوران تین بار مغربی ہواؤں کی لہر شہر کو متاثر کرے گی۔
محکمہ موسمیات نے سندھ کے بیشتر اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم اور کراچی، سانگھڑ، عمرکوٹ، مٹیاری، مٹھی، ٹھٹھہ، سکھر، گھوٹکی، شکارپور، چھور، جیکب آباد، لاڑکانہ، دادو، میرپور خاص، شہید بینظیر آباد، خیرپور اور ملحقہ علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
منگل کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم عمرکوٹ، تھرپارکر اور میرپور خاص میں گرد آلود آندھی اور بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا کے جنوبی اور زیریں علاقوں شمال مشرقی و جنوبی پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور کشمیر میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ جنوب مشرقی سندھ اور جنوبی پنجاب کے کچھ علاقوں میں وقفے وقفے سے شدید بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیر کے روز کراچی کے لیے تازہ موسم کی صورتحال جاری کی جس میں شہر میں بارش کی قیاس آرائیوں سے متعلق وضاحت کی گئی۔
پیر کی صبح فجر کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور ابر آلود آسمان کی اطلاعات موصول ہوئیں جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے ابتدائی طور پر پیر کی شام مزید بارش کی پیشگوئی کی تھی تاہم شمال مشرقی خشک ہواؤں کے داخل ہونے کے باعث اب بارش کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔
ماہرین موسمیات نے پہلے پیشگوئی کی تھی کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہ سکتا ہے لیکن ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کی وجہ سے اب شدید بارش کا امکان کم ہے۔
دوسری جانب لاڑکانہ میں پیر کے روز ریکارڈ توڑ بارش ہوئی، جو مئی کے مہینے میں 1991 کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ بارش قرار دی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ایک دن میں 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو 21 مئی 1991 کو ہونے والی 15 ملی میٹر بارش سے کہیں زیادہ ہے۔ 1991 میں لاڑکانہ میں پورے مئی کے مہینے میں مجموعی طور پر 24 ملی میٹر بارش ہوئی تھی۔
محکمہ موسمیات سندھ بھر میں موسم کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین اطلاعات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر بھروسہ کریں۔