بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ میٹ گالا 2025 میں اپنے پہلے ڈیبیو کے لیے بالکل تیار ہیں۔
گزشتہ چند دنوں سے وہ اس تقریب سے پہلے نیویارک شہر سے پس پردہ مناظر اپنے مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کے مداح بھی ان کے انداز اور میٹ گالا سے متعلق نئے انکشافات کے لیے یکساں طور پر پرجوش نظر آرہے تھے۔
تاہم اب بھارتی میڈیا کی تازہ ترین رپورٹس کے مطابق دلجیت دوسانجھ ان چند خوش نصیبوں میں شامل ہوں گے جنہیں اینا ونٹور کے خصوصی عشائیے میں مدعو کیا گیا ہے۔
ای ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق اس اعلان کے ساتھ گلوبل سپر اسٹار دلجیت میٹ گالا 2025 میں عشائیے کی میز پر جگہ پانے والے واحد مرد بھارتی مشہور شخصیت ہوں گے۔
اس کا مطلب ہے کہ وہ نہ صرف ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوں گے بلکہ اینا ونٹور کے انتہائی خصوصی میٹ گالا ڈنر میں بھی شرکت کریں گے. یاد رہے کہ اینا ووگ میگزین کی ایڈیٹر ان چیف اور میٹ گالا کی روح رواں ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ دلجیت دوسانجھ کو میٹ گالا میں ڈیزائنر پربل گرونگ کی میز پر بٹھایا جائے گا, جہاں وہ عالمی شہرت یافتہ شخصیات جیسے کہ شکیرا، گیل کنگ، نکول شیرزنجر اور دیگر بین الاقوامی ستاروں کے ساتھ گھل مل سکیں گے۔
یہاں یہ بات بہت اہم ہے کہ میٹ گالا میں شرکت کرنے والے تمام افراد کو ریڈ کارپٹ کے بعد ہونے والے اس خصوصی عشائیے میں مدعو نہیں کیا جاتا جسے اس تقریب کا دل مانا جاتا ہے، جہاں فیشن، فلم، موسیقی اور آرٹ کی دنیا کے صف اول کے ستارے ایک دوسرے سے ملتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دلجیت دوسانجھ کی اس عشائیے میں موجودگی ایک بڑا اعزاز ہے جو ان کے عالمی فیشن کی اشرافیہ کی جانب سے تسلیم کیے جانے اور احترام کیے جانے کی علامت ہے۔
گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ نے حال ہی میں فوٹو ایندو ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک بے تکلف ویڈیو شیئر کی جس میں ان کی جانب سے مداحوں کو میٹ گالا کا دعوت نامہ دکھایا گیا۔
اپنے ہوٹل کے کمرے میں عام لباس میں ملبوس دلجیت گلوبل سپر اسٹار نے ویڈیو میں میٹ گالا کا دعوت نامہ اٹھایا اور اپنے فالوورز کو اس کے اندر موجود چیزوں اور سال کے سب سے بڑے فیشن ایونٹ میں کیا توقع کی جانی چاہیےکے بارے میں ایک جھلک دکھائی۔
دعوت نامے میں کچھ اہم مہمانوں کے نام بھی درج تھے جن کے ساتھ وہ شرکت کریں گے جن میں این بی اے کے لیجنڈ لیبرون جیمز اور ریپر اے ایس اے پی راکی شامل ہیں ۔
دلجیت دوسانجھ کا میٹ گالا میں ڈیبیو صرف ایک فیشن اسٹیٹمنٹ سے بڑھ ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ اپنی واک سے وہ اس مشہور ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہونے والے پہلے پنجابی فنکار بن جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں دیگر بھارتی بااثر شخصیات جیسے کہ شاہ رخ خان، کیارا اڈوانی اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ دلجیت کی موجودگی میٹ گالا 2025 کو فیشن کی سب سے معتبر رات میں بھارتی نمائندگی کے لیے ایک اہم سال بنا دے گی۔