کراچی میں میمن گجراتی سپریم کونسل نے کیمپ کا اہتمام کیا جس میں عوام کو نبی کریم ﷺ کے موئے مبارک کی زیارت کرائی گئی جس سے ہزاروں زائرین فیضیاب ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں ایم اے جناح روڈ پر نمائش چورنگی کے علاقے میں میمن گجراتی کونسل کے زیر اہتمام کیمپ پر طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ موئے مبارک کی زیارت کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔ زائرین نے قطار میں لگ کر درود شریف کا ورد کرتے ہوئے موئے مبارک کی زیارت کی۔
کونسل کی طرف سے زائرین کو عجوہ کھجور اور آبِ زم زم بھی پیش کیا گیا۔ مرد حضرات اور خواتین کی علیحدہ علیحدہ قطاریں تھیں جبکہ اس موقعے پر میمن گجراتی سپریم کونسل کے سربراہ کریم میگھانی نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موئے مبارک دہلی سے آنے والے پیر فضلِ حق ساتھ لائے تھے۔
سربراہ میمن گجراتی سپریم کونسل نے کہا کہ صحابہ کرام موئے مبارک اپنے پاس سنبھال کر رکھتے تھے جسے اگر عطر اور تیل کے ساتھ رکھا جائے تو اس کی پرورش جاری رہتی ہے۔ جب موئے مبارک بڑھتے ہیں تو قدر دانوں کو تحفے میں دئیے جاتے ہیں۔ اسی طرح پیر فضلِ حق نے بھی حاصل کیے تھے۔
انہوں نے کہا کہ 13 سال تک پیر فضلِ حق نے نمائش چورنگی پر کیمپ لگا کر عوام کو اس کا دیدار کرایا، جن کے انتقال کے بعد یہ کام میمن گجراتی کونسل کر رہی ہے۔ سن 2020ء گجراتی کونسل کا 36واں سال ہے۔ اس موقعے پر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے صدر یوسف لاکھانی نے کہا کہ میں یہاں پہلے بھی آتا رہا ہوں۔
صدر سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ نے کہا کہ یہاں آ کر دل کو سکون اور قرار ملتا ہے۔ حاجی کریم میگھانی ایک ساتھ کئی اہم کام سرانجام دے رہے ہیں۔ موئے مبارک کی زیارت کے ساتھ لوگوں کو آبِ زم زم اور عجوہ کھجور دینا بڑی سعادت کی بات ہے۔ یہ میلاد بنانے کا بہترین طریقہ ہے، امید ہے کہ یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں سینئر صحافی سلیم عاصمی علالت کے باعث انتقال کر گئے