استحکام پاکستان پارٹی سندھ کے صدر محمود مولوی نے کہا ہے کہ اقتدار میں آکر 300 یونٹ تک عوام کو مفت بجلی فراہم کریں گے۔ ہم محض دعوے اور کھوکھلے وعدوں پر یقین نہیں رکھتے، عملی کام کرکے دکھاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی پی پی ہاؤس میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے دوران بڑی تعداد میں خواتین نے استحکام پاکستان پارٹی کی قیادت اور پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، تقریب میں آئی پی پی کے صوبائی صدر محمود مولوی کے علاوہ جنرل سیکریٹری علی جونیجو، سینئر نائب صدر شیخ فیروز، صائمہ ندیم اور دیگر موجود تھے۔
صوبائی صدر محمود مولوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑی تعداد میں قابل قدر خواتین ہمارے قافلے میں شامل ہوئی ہیں، جو آئی پی پی کی قیادت اور پالیسیوں کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہے۔
محمود مولوی نے کہا کہ ہم خواتین کو باعزت روزگار فراہم کریں گے، اپنے ورکرز کیلئے میڈیکل کی سہولت شروع کریں گے، طلباء کو اسکالرشپ دی جائے گی، 8 تاریخ کو الیکشن میں خواتین نے ہمت کا مظاہرہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہاکہ خواتین کو صنف نازک کہاجاتا ہے مگر حقیقت میں خواتین ہماری پارٹی ہی نہیں پوری قوم کی بڑی طاقت ہیں، انہوں نے کہاکہ 7 جنوری کو ہم نشتر پارک میں جلسہ عام کریں گے، جلسے میں آئی پی پی کے مرکزی قائدین جہانگیر ترین، علیم خان اور دیگر شرکت کریں گے۔
جنوری کے جلسے میں لاکھوں عوام شرکت کریں گے، انہوں نے کہاکہ ہم محض دعوے اور کھوکھلے وعدے نہیں کرتے، ہم عمل پر یقین رکھتے ہیں اور جو کہتے ہیں اسے کرکے دکھاتے ہیں۔
صوبائی جنرل سیکرٹری علی جونیجو نے کہا کہ صوبہ سندھ کو 15 سال سے نظرانداز کیا جاتا رہا ہے، ہم صوبہ سندھ اور کراچی کو تعمیر و ترقی کی طرف لے جائیں گے، ہمارے منشور میں خواتین کو با اختیار بنانا شامل ہے، کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ سے خواتین ہمارے ساتھ شامل ہوئی ہیں۔،
سینئر نائب صدر سندھ شیخ محمد فیروز نے کہا کہ ہم وعدے نہیں عملی کام کریں گے، دیگر جماعتوں نے کراچی کو مسائل کی دلدل میں دھکیلا، روزانہ کئی لوگ آئی پی پی میں شامل ہورہے ہیں، استحکام پاکستان کیلئے مستحکم سندھ ضروری ہے۔