کراچی کے حلقہ این اے 238 سے استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار محمود مولوی نے کہا ہے کہ آنے والا دور استحکام پاکستان ہے، انتشار کی سیاست کا دور ختم ہوچکا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ این اے 238 کے مختلف علاقوں میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسوں اور کارنر میٹنگز میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
این اے 238 سے آئی پی پی کے امیدوار محمود مولوی کے ہمراہ پی ایس 102 سے آئی پی پی کے امیدوار علی جونیجو بھی موجود تھے۔
دونوں امیدواروں نے پی آئی بی اور حلقے کے دیگر علاقوں میں عام شہریوں، دکانداروں اور معززین سے ملاقات کی اور استحکام پاکستان کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر جگہ جگہ شہریوں نے محمود مولوی کا استقبال کیا اور آئی پی پی کے امیدواروں کو بھرپور سپورٹ کرنے کا وعدہ کیا۔
اس موقع پر آئی پی پی کے کارکنان نے شہریوں میں پمفلٹ تقسیم کیے، اس دوران پارٹی عہدیداروں اور خواتین رہنماؤں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
مختلف مقامات پر خواتین اور عام شہریوں کے ساتھ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے محمود مولوی نے کہا کہ استحکام پاکستان اور مستحکم کراچی کا پیغام گھر گھر پہنچا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں اور عوام کی جانب سے بھرپور ساتھ اور تعاون مل رہا ہے، ان شاء اللہ عوام کی سپورٹ سے 8 فروری کو آئی پی پی سرخرو ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حالات اور آثار بتا رہے ہیں کہ آنے والا دور استحکام پاکستان اور ملک کی تعمیر و ترقی کا ہے، ہم اقتدار میں آکر مہنگائی ختم اور معیشت کو بحال کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پی کی قیادت میں ملک ترقی کی منازل طے کرے گی اور عوام کے مسائل حل ہوں گے۔ پچھلے کئی سال سے ترقی کا پہیہ رکا ہوا ہے، اب وہ دوبارہ چل پڑے گا۔
اس موقع پر پی ایس 102 سے آئی پی پی کے امیدوار علی جونیجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم جیت کر عوامی مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں گے۔
علی جونیجو کا کہنا تھا کہ ہم خدمت اور عوامی مسائل حل کرنے کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور ان شاء اللہ آئی پی پی کی قیادت الیکشن جیت کر ثابت کرے گی کہ وہی ملک و قوم کی تعمیر اور ترقی میں بہترین کردار ادا کر سکتی ہے۔