اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہفتے میں دو دن کے دوران مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔
با خبر ذرائع کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کورونا وباء کے پیش نظر بھی اہم امور پر کیا گیا اور اجلاس میں صوبوں کی تجاویز کی روشنی میں اہم فیصلے کئے گئے۔
قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہفتے میں دو دن مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے گا، لاک ڈاؤن ہفتے اور اتوار کے روز کیا جائے گا، جبکہ پورے ہفتے میں 5دن کاروبار کرنے کی اجازت ہوگی۔
وزیر اعظم عمران خان کی صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کاروباری مراکز شامل 7بجے تک کھل سکیں گے، جبکہ وزارت ریلوے 40 ٹرینیں چلا سکے گی۔ وزیراعظم نے قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں ہونے والے ان اہم فیصلوں کی منظوری دے دی ہے۔
دوسری جانب بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کا عمل بھی مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلا تاخیر اووسیز پاکستانیوں کی واپسی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پیسے والے لوگ ایس او پیز پر عمل کررہے ہیں۔ جبکہ اکثریت ایس او پیز پر عمل نہیں کررہی ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا نے ابھی بڑھنا اور اس سے اموات کی تعداد مزید بڑھے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران پتہ چلا کہ ڈھائی کروڑ سے زیادہ مزدور طبقہ ہے، جبکہ صرف لاک ڈاؤن ہی کورونا وائرس کا حل نہیں، احتیاط کرکے اس سے بچا جاسکتا ہے۔