اسلام آباد میں طبی عملہ سراپا احتجاج، اوورسیزپاکستانیوں کا ویکسینیشن سینٹر پر حملہ

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد میں طبی عملہ سراپا احتجاج، اوورسیزپاکستانیوں کا ویکسینیشن سینٹر پر حملہ
اسلام آباد میں طبی عملہ سراپا احتجاج، اوورسیزپاکستانیوں کا ویکسینیشن سینٹر پر حملہ

اسلام آباد میں ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ کورونا الاؤنس کیلئے سراپا احتجاج ہے جبکہ اوور سیز پاکستانیوں نے ویکسینیشن سینٹر پر حملہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق  اسلام آباد میں کورونا وائرس کی تینوں لہروں میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہوئے فرائض سرانجام دینے والا پیرا میڈیکل اسٹاف کورونا الاؤنس کے حصول کیلئے سراپا احتجاج ہے جس میں پمز، پولی کلینک، نرم، ایف جی ایچ، این آئی ایچ اور سنٹرل ہیلتھ اسٹیبلشمنٹ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہے۔

ایم ایم نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مظاہرین نے کہا کہ ہم نے آج سے او پی ڈی، ویکسین سینٹر اور آپریشن تھیٹرز میں آپریشن بند کردیا ہے۔ ہمارے ساتھ حکومت نے دھوکا کیا۔ ہمیں کورونا کی پہلی لہر کے دوران کہا گیا کہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو تنخواہ کے علاوہ کورونا الاؤنس ملے گا لیکن 2 سال گزرنے کے باوجود ہمیں الاؤنس نہیں دیا گیا۔

گفتگو کے دوران مظاہرین نے کہا کہ ہم نے آج سے تمام ویکسینیشن سینٹرز بند کردئیے ہیں۔ گرینڈ ہیلتھ الائنس کی قیادت ڈاکٹر یوسف کر رہے ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ ہمیں اسپیشل رسک الاؤنس دیا جائے۔ حکومت کو الاؤس دینے کی مدت گزشتہ شب ختم ہوچکی تھی۔ ہم آج رات 8 بجے تک کی مہلت دے رہے ہیں، بصورتِ دیگر ڈی چوک اور پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیں گے۔

دوسری جانب سمندر پار پاکستانی ایسٹرازینیکا ویکسین نہ لگنے پر مشتعل ہیں۔ اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں مظاہرین دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوگئے اور ماس ویکسینیشن سینٹر پر حملہ کردیا جہاں ویکسین لگانے کا عملہ پہلے ہی روک دیا گیا تھا۔ لاہور میں بھی اوور سیز پاکستانیوں نے پولیس سے تلخ کلامی کی اور ویکسینیشن سینٹر میں جانے کی کوشش کی، تاہم سینٹر کے دروازے بند کردئیے گئے۔ 

طبی عملے کے احتجاج کے باعث ماس ویکسینیشن سینٹر میں اوور سیز پاکستانیوں کو ویکسین نہیں لگائی جارہی تھی، اوور سیز پاکستانیوں نے سینٹر کے شیشے توڑ ڈالے اور ویکسین بھی گرا دی۔ فرنیچر کو بھی نقصان پہنچا۔ صبح سے بیٹھے ہوئے شہریوں کو بھی ویکسین نہیں لگائی جاسکی۔ بڑی تعداد میں پولیس اور حساس اداروں کے اہلکاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

سراپا احتجاج اوور سیز پاکستانیوں نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں ویکسین لگائی جائے۔بزرگ شہری اور خواتین کو بھی ویکسینیشن کے کوڈز مل جانے کے باوجود ویکسین نہیں لگائی جاسکی۔ صبح 9 بجے سے اپنی باری کا انتظار کرنے والے شہری بھی ویکسینیشن سے محروم ہیں۔ حکومت نے احتجاج کرنے والے ملازمین اور اوورسیز پاکستانیوں سے مذاکرات شروع کردئیے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو کو کشمیر میں اپنی پارٹی پوزیشن کا پتا نہیں، فواد چودھری

Related Posts