کراچی میں آج ہونے والا ایم ڈی کیٹ کا پرچہ سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر لیک کردیا گیا ہے تاہم پرچے کی منتظم ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ترجمان نے واقعے کی تردید کردی ہے۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کا پرچہ لیک ہونا ناممکن ہے۔ انہوں نے طلبہ سمیت سوشل میڈیا صارفین میں گردش کرنے والے پرچے کو جعلی قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق ایم ڈی کیٹ کا پرچہ آج قبل از وقت سوشل میڈیا پر لیک ہوگیا جو طلبہ کے مابین زیر گردش ہے تاہم ترجمان ڈاؤ یونیورسٹی نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر لیک کیا گیا ایم ڈی کیٹ کا پرچہ جعلی ہے۔
شہرِ قائد میں آج ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں بد نظمی کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں، طلبہ و طالبات کے والدین نے ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ پر برہمی کا اظہار کیا۔ ٹیسٹ کیلئے آنے والی طالبات امتحانی مراکز میں جانے سے رہ گئیں۔
اسی دوران ایک طالب علم نے گیٹ پر چڑھ کر امتحانی مرکز میں گھسنے کی کوشش کی۔ ایم ڈی کیٹ 2024 کے امتحان کے آغاز سے قبل این ای ڈی یونیورسٹی کے باہر طلبہ کی طویل قطاروں کے ساتھ ساتھ والدین بھی موجود رہے۔