کراچی کی بلدیاتی تاریخ میں یکم جولائی 2025 کو ایک اہم اور عوام دوست فیصلہ سامنے آیا، جب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنے وعدے کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا عملی اعلان کر دیا۔
یہ فیصلہ عوامی سہولت اور شہریوں کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے، جسے شہری حلقوں کی جانب سے خوش آئند قرار دیا جا رہا ہے۔
اس انقلابی اقدام کے تحت بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں آنے والی 32 سڑکوں اور مقامات پر پارکنگ اب مکمل طور پر مفت ہوگی۔ ان علاقوں میں ضلع جنوبی، کیماڑی، وسطی، ملیر، کورنگی اور شرقی شامل ہیں، جہاں مخصوص سڑکوں اور مارکیٹوں کو پارکنگ فری زونز قرار دے دیا گیا ہے۔
ضلع جنوبی میں جیلانی سینٹر موبائل مارکیٹ صدر، ناز پلازہ سے آمنہ ٹاور (ایم اے جناح روڈ)، اور کوثر میڈیکو سے ایم ڈبلیو ٹاور (ایم اے جناح روڈ) تک کی حدود میں پارکنگ مفت ہوگی۔ کیماڑی میں شارجہ مال سے کوہِ نور ہال (ہب ریور روڈ) اور کے پی ٹی گیٹ نمبر 1 سے شیل پمپ تک پارکنگ فیس نہیں لی جائے گی۔
ضلع وسطی میں ہارون شاپنگ مال، سرینا مارکیٹ، لیاقت آباد سپر مارکیٹ سے لیاقت آباد نمبر 10 (ایس ایم توفیق روڈ)، چیز سپر اسٹور (شاہراہِ پاکستان)، سنٹرم شاپنگ مال (راشد منہاس روڈ) اور نارتھ کراچی میں کفایت اور اومیگا مال پر پارکنگ مکمل مفت کر دی گئی ہے۔
ضلع ملیر اور کورنگی میں سات مختلف مقامات جبکہ ضلع شرقی میں پندرہ مقامات کو پارکنگ فری قرار دیا گیا ہے، تاکہ شہریوں کو خریداری اور آمد و رفت میں کسی مالی بوجھ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ضلع جنوبی، وسطی اور شرقی کی 11 بند (وال باؤنڈری) پارکنگ سائٹس پر معمول کے مطابق فیس لاگو رہے گی، جنہیں مخصوص ضوابط کے تحت چلایا جاتا ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کسی مقام پر پارکنگ فیس وصول کی جائے یا کسی شکایت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ ای میل یا شکایتی نمبر پر رابطہ کریں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔