شہرِ قائد میں میئر کراچی وسیم اختر اور گورنر سندھ عمران اسماعیل وزیر اعظم عمرا ن خان کی ہدایت پر 3 فلائی اوورز کا افتتاح کرنے کیلئے ایک پیج پر آ گئے۔
کراچی کے علاقے شیر شاہ سوری روڈ پرگورنر سندھ عمران اسماعیل نے سگنل فری روڈ کا افتتاح کیا جبکہ افتتاحی تقریب سے پاکستان تحریکِ انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ کے اراکینِ اسمبلی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان موسم کی خرابی کے باعث فلائی اوورز کا افتتاح کرنے کے لیے کراچی نہیں آ سکے جبکہ تمام منصوبوں کا سہرا عمران خان کے سر ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ تینوں فلائی اوورز وفاق کی طرف سے شہرِ قائد کو تحفہ ہیں اور کراچی پر توجہ نہ دینے کا شکوہ کرنے والے منصوبے کو غور سے دیکھ لیں۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان شہرِ قائد کی بہتری کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں تاہم موسم کی خرابی آڑے آ گئی جس کا وزیر اعظم کو افسوس ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں خراب موسم کے باعث آج شہرِ قائد کا اہم دورہ ملتوی کردیا۔
وزیراعظم عمران خان آج فلائی اوور منصوبوں کے افتتاح کے لئے کراچی کا دورہ کرنے والے تھے۔وزیر اعظم کو سخی حسن روڈ ،کے ڈی اے چورنگی ، فائیو اسٹار چورنگی پر تین فلائی اوورز کا افتتاح کرنا تھا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم نے خراب موسم کے باعث اہم دورۂ کراچی ملتوی کردیا