معروف اداکارہ ماورا حسین نے اپنی بھارتی فلم ”صنم تیری قسم“ میں ہیرو کا کردار ادا کرنے والے فنکار ہرش وردھن رین کے بیان کو ’شرمناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے جب دو ایٹمی ممالک جنگ کی حالت میں ہوں، تب فلموں پر بات کرنا عقل مندی نہیں ہوا کرتی۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ماورا حسین نے اپنی بہن عروہ حسین کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاک بھارت جنگ میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دے دیا۔ انسٹاگرام اسٹوری میں ہرش وردھن کی جانب سے بھارتی جارحیت کی حمایت کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ماورا حسین نے کہا کہ جنگ جیسے سنجیدہ موضوع پر شہرت حاصل کرنے کی کوشش انتہائی گھٹیا عمل ہے، اس عمل سے آپ میری نظروں سے گرگئے۔
اداکارہ ماورا حسین سے قبل ہرش وردھن نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پہلی فلم میں کام کرنے کے تجربے کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ’صنم تیری قسم 2‘ میں سابقہ کاسٹ کے ساتھ کام نہیں کریں گے، جس سے بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے یہ مراد لیا کہ وہ اداکارہ ماورا حسین کو کاسٹ سے نکالنے کی جانب توجہ دلا رہے ہیں۔
تاہم اداکارہ ماورا حسین نے صورتحال کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے انسٹاگرام اسٹوری میں اداکار ہرش وردھن کی پوسٹ پر ردعمل دیا اور کہا کہ یہ افسوسناک، مضحکہ خیز اور شرمناک ہے کہ کوئی شخص ایسے نازک وقت میں سستی شہرت پانے کیلئے بیانات جاری کرے۔
ماورا حسین نے کہا کہ بھارتی حملے کے نتیجے میں میرے ملک کے معصوم بچوں کی جانیں گئیں، حملوں کے بعد بعد ہماری افواج نے ردِعمل دیا ہے، اس قسم کے حالات میں یہ فلمی اعلان نہایت افسوس کی بات ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارتی فنکار اداکارہ ماورا حسین کو صنم تیری قسم 2 کی کاسٹ سے نکال کر ان کی جگہ بھارتی اداکارہ کو کاسٹ کرنے کی بات کرچکے ہیں، جبکہ انتہا پسند ہندوؤں کی بڑی تعداد سمیت متعدد بھارتی سوشل میڈیا صارفین پاکستانی اداکاروں پر پابندی عائد کرنے کی رائے دے رہے ہیں جس کا ماورا حسین سمیت دیگر فنکاروں نے بھرپور جواب بھی دیا ہے۔