لاہور: سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ کل شب دعا منائیں گے،شب دُعا میں مولانا طارق جمیل خصوصی دُعا کرائیں گے، ہم اپنے ملک کی حقیقی آزادی کے لیے دعا کریں گے، کارکن عوام میں ملک کی حقیقی آزادی کا پیغام پہنچائیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی صرف اپنی عوام کے مفاد میں بنائی اور سازش ہوئی، مینار پاکستان جلسے کی کامیابی پر سب کو مبارکباد دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے فیصلہ کن وقت ہے اور کارکنوں نے لوگوں کو بتانا ہے کہ ملک میں سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی،باہر سازش بنی اور یہاں کے میر جعفر اور میر صادق کو ملایا گیا، امپورٹڈ حکومت کو امریکا تھری اسٹوجز کے ذریعے کنٹرول کرے گا، اپنی چوری بچانے کے لیے یہ ملک کو غلام بنادیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد خارجہ پالیسی کے باعث آپ کے وزیراعظم کو ہٹایا گیا، امریکا ہمیں چیری بلاسم کے ذریعے کنٹرول کرے گابعدازاں انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں، انہیں استعفیٰ دینا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ کل سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جامعہ کراچی میں خودکش دھماکے کے ذریعے چینی اساتذہ کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکہ پاک چین اشتراک کو نقصان پہنچانے کیلئے کیا گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ جامعہ کراچی کے چینی اساتذہ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔ یہ پاک چین اسٹرٹیجک اشتراک کو نقصان پہنچانے کے خصوصی ایجنڈے کے تحت کیا گیا ایک اور حملہ ہے۔