اسلام آباد: حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی اپنی اپنی وضاحتیں دیں اور پی ڈی ایم میں واپس آجائیں۔
اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے حکومت مخالف مہم بھرپور طریقے سے چلانے کا منظم پروگرام بنایا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بجٹ پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے شہباز شریف کو خصوصی ٹاسک تفویض کردیا گیا ہے۔ پی پی اور اے این پی کے پاس ابھی موقع ہے وہ چاہیں تو ہم سے رجوع کرسکتی ہیں۔
الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر تنقید کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ حکومت پری پول ریگنگ کا منظم لانا چارہی ہے اس کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔ ہم یکطرفہ الیکشن آرڈیننس کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی ساتھ ہیں ہی نہیں اس لیے اُن سے متعلق آج کوئی بات نہیں ہوئی، یہ ایسا موضوع نہیں کہ پی ڈی ایم کے اجلاسوں میں اس پر مزید بحث کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم نے حکومت مخالف جلسوں کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے 4 جولائی کو سوات اور 29 جولائی کو کراچی میں جلسہ کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ضلع وسطی میں سائینو فارم ویکسین پیسوں کے عوض گھروں میں جاکر لگانے کا انکشاف