اسلام آباد: لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز نے لاہور میں مدرسے کے طالب علم سے زیادتی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادتی میں ملوث مفتی عزیرالرحمان کو مینار پاکستان سے نیچے گرا دیا جائے۔
مولانا عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ عزیز الرحمان کی ویڈیو شائع ہوئی ہے اگرچہ انہوں نے کہا مجھے نشہ پلا کر ویڈیو بنائی گئی،ہم نے مجبوراَ ویڈیو دیکھی، علماء اور مفتیان نے بھی ویڈیو دیکھی،وہ بھی کہہ رہے ہیں کہ عزیز الرحمان کے دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔
مولانا عبدالعزیز کا کہنا ہے کہ سامنے آنے والی ویڈیو میں صاف پتا چل رہا ہے کہ ویڈیو نشہ پلا کر نہیں بنائی گئی کیونکہ مفتی عزیز الرحمان کی حرکات و سکنات سے پتا چل رہا ہے کہ وہ خود گندے کاموں میں شریک ہیں۔
لال مسجد کے خطیب کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ ملک میں قرآن و سنت کو نافذ کیا جائے,پورے ملک میں شرعی عدالتیں قائم کی جائیں اور سب سے پہلے سزا مفتی عزیز الرحمن کو دی جائے۔شرعی سزاؤں میں ایک سزا یہ بھی ہے کہ مجرم کو عمارت سے گرا دیا جائے لہذا ہمارا مطالبہ ہے کہ عزیز الرحمن کو مینار پاکستان سے نیچے گرا دیا جائے۔
جبکہ مفتی عزیز الرحمان ویڈیو اسیکنڈل سے متعلق بات کرتے ہوئے لاہور کی دینی درسگاہ جامعہ نعیمیہ کے مہمتم مفتی راغب نعیمی نے کہا کہ مفتی عزیز الرحمن کے واقعے ہم سب کے سر شرم سے جھک گئے ہم اس واقع کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
مفتی راغب نعیمی کا کہنا ہے کہ اس عمل کو ایک فرد واحد کا عمل سمجھا جائے۔ کیونکہ مذہب اور مدرسوں سے جڑے لوگ فرشتے نہیں ہوتے ہیں، اس قسم کے واقعات کو مذہب سے نہ جوڑا جائے۔ ہر وہ جگہ جو ہاسٹل ہے وہاں اس قسم کے واقعات ہوتے ہیں۔
قرآن و سنت موومنٹ کے رہنما علامہ ہشام الہیٰ ظہیر کا کہنا تھا کہ ریپسٹ کو جب تک سرعام پھانسی کے پھندے پر نہیں لٹکائیں گے ایسے واقعات میں کمی نہیں آئے گی، مفتی عزیز الرحمان ہو یا کوئی اور جو بھی جس پر جرم ثابت ہو جائے، آئیں مل کر اس کو مینار پاکستان پر پھانسی دیں، جب تک ایسا نہیں کریں گے ہم اپنی اولاد کو محفوظ نہیں بنا سکتے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم کا 29 جولائی کو کراچی میں جلسہ عام کا اعلان