پاکستانی ماڈل اور میزبان متھیرا نے حال ہی میں گلوکار اور سوشل میڈیا پر مشہور شخصیت، چاہت فتح علی خان، کی جانب سے ان کی بغیر اجازت بنائی گئی اور شیئر کی گئی ویڈیو پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
کچھ دن قبل چاہت فتح علی خان، متھیرا کے شو میں مہمان کے طور پر مدعو تھے۔ شو کے دوران کی ایک ویڈیو، جس میں چاہت فتح علی خان کو متھیرا کے قریب آتے اور انہیں گلے لگانے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا، انسٹاگرام پر شیئر کی گئی۔ ویڈیو میں متھیرا واضح طور پر غیر آرام دہ دکھائی دیں اور چاہت فتح علی خان سے خود کو دور کرنے کی کوشش کرتی نظر آئیں۔
متھیرا نے اس معاملے پر اپنے شو کے دوران سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں ہمیشہ اپنے شو پر آنے والے مہمانوں کو عزت دیتی ہوں اور ان کے ساتھ اچھے انداز میں پیش آتی ہوں۔ لیکن اس طرح کی حرکت اور ویڈیو بنانا انتہائی نامناسب ہے۔ بولڈ ہونے کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ کوئی بھی آ کر مجھے گلے لگانے کی کوشش کرے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ویڈیو ان کی ٹیم کے کیمروں سے نہیں بلکہ غیر متعلقہ زاویے سے بنائی گئی، جس کی اجازت نہ انہوں نے دی تھی اور نہ ہی ان کی ٹیم کو اس کا علم تھا۔
متھیرا نے مزید کہاکہ عورت ہونے کے ناطے یہ سب انتہائی تکلیف دہ تھا۔ میں ان حرکتوں کا حصہ نہیں بنتی اور نہ ہی یہ سب برداشت کیا جا سکتا ہے۔
متھیرا نے انکشاف کیا کہ چاہت فتح علی خان نے نہ صرف یہ ویڈیو بغیر اجازت بنائی بلکہ اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد ہٹانے سے بھی انکار کر دیا اور معذرت کرنے کی زحمت تک نہیں کی۔
متھیرا نے ناظرین کو متنبہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ مجھے کہیں دیکھیں تو براہ کرم مجھ سے گلے ملنے یا ہاتھ ملانے کی کوشش نہ کریں۔ یہ میری ذاتی حدوں کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ شو کے بعد روانہ ہونے کے لیے تیار تھیں، ان کی گاڑی باہر کھڑی تھی، تب ہی چاہت فتح علی خان نے یہ غیر مناسب ویڈیو بنائی۔ اس واقعے کے فوری بعد وہ سیٹ چھوڑ کر روانہ ہو گئیں تھیں۔
یہ واقعہ واضح کرتا ہے کہ کسی بھی پیشہ ورانہ ماحول میں ایک دوسرے کی حدوں اور عزت کا احترام کرنا کتنا ضروری ہے، خاص طور پر خواتین کے حوالے سے حساسیت برتنا معاشرتی اخلاقیات کا اہم حصہ ہے۔