واشنگٹن: امریکا میں پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے ایوانِ صدر (وائٹ ہاؤس) کا دورہ کیا اور امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکا میں پاکستانی سفیر سردار مسعود خان نے گزشتہ روز وائٹ ہاؤس کا دورہ کیا۔ امریکی صدر سے ملاقات کی اور جو بائیڈن کے ہمراہ روایتی فوٹو سیشن میں بھی شریک ہوئے۔
گرے لسٹ سے نکلنے کی امید، پاکستان پر بحث کا آج سے آغاز
صدر جو بائیڈن نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ سکیورٹی اور تجارت سمیت تمام شعبوں میں کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
وائٹ ہاؤس میں ہونے والے روایتی فوٹو سیشن میں پاکستان کے علاوہ دیگر 46ممالک کے سفیر بھی موجود تھے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے پاکستانی سفیر سردار مسعود خان سمیت ہر سفیر کے ہمراہ الگ الگ تصویر بنوائی۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث کئی ممالک کے سفیر گزشتہ 1سال سے امریکی صدر جو بائیڈن سے ملاقات کے منتظر تھے۔ سردار مسعود خان 25مارچ کو واشنگٹن پہنچے تھے۔ اسی روز اسنادِ سفارت وصول کی گئی تھیں۔
قبل ازیں ترجمان دفترِ خارجہ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت نے سردار مسعود خان کی واشنگٹن میں بطور پاکستانی سفیر تعیناتی کی منظوری بھجوائی ہے۔ دفترِ خارجہ نے منظوری میں غیر معمولی تاخیر کا تاثر مسترد کردیا۔