مظفرآباد:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں پی ٹی آئی کی پوزیشن انتہائی کمزور نظر آرہی ہے، آئندہ انتخابات میں (ن) لیگ کی جیت کا امکان روشن ہے۔وہ وقت دور نہیں جب ادارے نواز شریف کے بیانیے پر چلیں گے۔
مریم نواز نے پیر کو آزاد کشمیر میں انتخابات کے سلسلے میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کا جوش دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ شیر دوبارہ وادی میں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا خون میری کی رگوں میں بہہ رہا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ فوجی جوانوں کی تنخواہیں جب بھی بڑھیں نواز شریف کے دور میں بڑھیں، عمران خان کے دور میں فوجی جوانوں کی تنخواہیں نہیں بڑھیں، کچھ لوگ ذاتی مفاد کے لیے نواز شریف کے خلاف پروپیگنڈا کرتے ہیں لیکن نواز شریف کا دشمن بھی ان کی حب الوطنی کی گواہی دیتا ہے،وہ وقت دور نہیں جب ادارے نواز شریف کے بیانیے پر چلیں گے۔
مریم نواز نے مہنگائی پر حکومت کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انسولین 400 روپے میں فروخت ہوتی تھی ، اب یہ 1100 میں فروخت ہورہی ہے۔
انہوں نے اپنے کشمیری حامیوں کو بتایا کہ انہوں نے سنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر میں ووٹ مانگنے آرہے ہیں۔ انہوں نے ریلی کے شرکا سے کہا کہ وہ وزیر اعظم سے پوچھیں کہ کیا انہیں ایک کلو چینی کے لئے بھی لمبی لمبی قطار میں کھڑا کریں گے۔
مزید پڑھیں: پنجاب کے سیاسی میدان میں ہلچل، وزیر اعظم لاہور کا ایک روزہ دورہ آج کریں گے