لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے طبیعت ایک بار پھر خراب ہونے پر دوبارہ کورونا کا ٹیسٹ کرا لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کی طبیعت ناساز ہوگئی، ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز گلے کے شدید درد میں مبتلا ہیں جبکہ ڈاکٹرز نے کورونا کا ٹیسٹ کرانے کی تجویز دے دی۔
ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مریم نواز نے کورونا کا ٹیسٹ کرا لیا جس کی رپورٹ آنے کا انتظار کیا جارہا ہے۔ ن لیگی رہنما عطا تارڑ کہتے ہیں کہ مریم نواز کا علاج جاری ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ مریم نواز کی طبیعت ایک بار بہتر ہوجائے تو وہ سیاسی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گی اور حکومت کے خلاف تحریک بھی از سر نو شروع کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے این اے 75 کے ضمنی الیکشن سےمتعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک خصوصی پیغام جاری کیا تھا۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں مریم نواز نے 3 روز قبل کہا کہ (ن) لیگ کے شیروں کو مبارکباد جنہوں نے ووٹ چور ٹولے کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، (ن) لیگ کے شیروں نے اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دیا۔
مزید پڑھیں: ووٹ چوروں کا مقابلہ کرنے والے شیروں کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، مریم نواز