لاہور: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ آنے والا وقت آپ سب کا ہے، ہم پارٹی کی مضبوطی کیلئے دن رات کام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی کے یوتھ کو آرڈی نیٹرز سے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہی پاکستان کا مستقبل ہے جبکہ دشمن بھی ن لیگ کے منصوبوں اور کارکردگی سے انکاری نہیں ہوسکتا۔
مریم نواز کا تشدد کی شکار بچی کو انصاف فراہم کرنیکا مطالبہ
خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ قوم انتشار اور فساد کی سیاست مسترد کرچکی، ترقی، خوشحالی اور کامیابی ہماری قوم کا نصیب ہے۔ یوتھ کو آرڈی نیٹرز گلی، محلے اور گاؤں گاؤں تک پارٹی کو متحرک کریں۔
دریں اثناء ن لیگ کی انتخابی مہم کیلئے سوینیئرز بھی متعارف کرادئیے گئے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کا روایتی طریقہ تبدیل ہورہا ہے۔ آپ کو بھی سیاست کا انداز تبدیل کرنا ہوگا۔ آنے والا وقت آپ سب کا ہے۔ گراونڈ لیول پر پارٹی کی مضبوطی کیلئے شب و روز کام کریں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے تشدد کا شکار گھریلو ملازمہ رضوانہ سے ملاقات کی اور کمسن و مظلوم بچی کو انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
مریم نواز 7 روز قبل رضوانہ کی عیادت کیلئے جنرل ہسپتال لاہور پہنچیں اور متاثرہ بچی سے بات چیت کی۔ کمسن ملازمہ نے کہا کہ مالکن مجھے ڈنڈوں سے مارتی اور بہت تشدد کرتی تھی۔ تیزاب بھی پھینکتی تھی۔