لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے چوہدری شوگر ملز کیس میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو ایک بار پھر طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کو چوہدری شوگر ملز کیس میں مزید تحقیق و تفتیش کی غرض سے طلب کیا ہے۔سابقہ پیشی میں تحقیقات مکمل نہیں ہوسکی تھیں۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز کو جمعے کے روز 26 مارچ کو نیب لاہور آفس میں چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات کیلئے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قبل ازیں گزشتہ برس 11 اگست کو مریم نواز نیب لاہور میں پیش ہوئی تھیں۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب لاہور کو مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس میں نئے شواہد موصول ہوئے ہیں۔ مریم نواز کے مطابق جب بھی انہیں تحقیقات کیلئے بلایا جاتا ہے، وہ نیب کو بے نقاب کرنے کیلئے ضرور جاتی ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے نیب کی جانب سے تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کے الزام کو بڑا جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نیب کی ہائی کورٹ میں دائر درخواست مضحکہ خیز ہے۔
داتا کی نگری لاہور میں 2 روز قبل میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ نیب کا کام کرپشن پکڑنا ہے، حکومت کا ترجمان بننا نہیں۔ نیب کرپشن پکڑنے میں ناکام رہا۔ میں نے کرپشن کی ہو تو پکڑیں۔
مزید پڑھیں: تعاون نہ کرنے کا الزام بڑا جھوٹ، نیب کی درخواست مضحکہ خیز ہے۔مریم نواز