سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کا جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہوگیا، جس کے بعد انہیں آج احتساب عدالت پہنچا دیا گیا ہے۔
چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کو سماعت کے لیے معزز احتساب عدالت جج کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا اپوزیشن سے رابطے کا فیصلہ، وزیر اعظم کے استعفے کا مطالبہ مسترد
شوگر ملز کیس میں مریم نواز کے وکیل اور استغاثہ دلائل دیں گے جبکہ اس موقعے پر ن لیگی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد پہلے ہی عدالت پہنچ چکی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی۔
چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور یوسف عباس کو احتساب عدالت لاہور میں سماعت کے لیے پیش کیا گیا۔ معزز جج جواد الحسن چوہدری نے کیس کی سماعت کی اور طرفین کے دلائل سننے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کا فیصلہ سنایا۔
مریم نوازکے وکلاء کی سائیڈ روم میں مشاورت کی درخواست پر عدالت نے ہدایت کی کہ غیر متعلقہ افراد کی ملاقات میں عدم شرکت کو یقینی بنایا جائے، بصورتِ دیگر ذمہ داری وکلاء پر عائد ہوگی۔ ن لیگی کارکنوں کے طوفانِ بد تمیزی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عدالت نے تمام سیاسی کارکنان کو کمرۂ عدالت سے باہر بھیجنے کا حکم دیا۔
مزید پڑھیں: احتساب عدالت نے مریم نواز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کردی