سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے آنے والی مریم نواز کی طبیعت بھی ناساز ہو گئی ، جس کے بعد انہیں بھی والد کے ساتھ ہی سروسز ہسپتال میں داخل کر لیا گیا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز گزشتہ شب اپنے والد سے ملنے کے لیے کوٹ لکھپت جیل سے ہسپتال پہنچیں اور ملاقات کے بعد ان کی خیریت دریافت کی۔ نواز شریف نے بیٹی کو ہسپتال میں علاج معالجے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: سندھ کابینہ کا اجلاس، ٹرانس جینڈرکیلئے سرکاری اداروں میں 0.5 فیصد نوکریوں کا کوٹا مقرر
بعد ازاں مریم نواز کی طبیعت بھی خراب ہو گئی جنہیں فوری طور پر ہسپتال میں داخل کر لیا گیا، جبکہ انہیں نواز شریف کے کمرے سے ملحقہ وی آئی پی روم دے دیا گیا ہے۔
سروسز ہسپتال میں مریم نواز کا طبی معائنہ کیا جائے گا، جس کے بعد ناسازی کا باعث بننے والی تکلیف کا پتہ چل سکے گا، تاہم نواز شریف کے علاج کے لیے 2 مایہ ناز ڈاکٹرز کی خدمات حاصل کر لی گئی ہیں جن میں سے ایک کا تعلق کراچی جبکہ دوسرے کا لاہور سے ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز کی اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے لیے ایک گھنٹہ دینے کی درخواست مسترد کردی۔
ساتھ ہی عدالت نے مریم نواز اور ان کے کزن یوسف عباس کے ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع کرتے ہوئے انہیں دوبارہ 25 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔چودھری شوگر ملز کیس کی سماعت لاہور احتساب عدالت کے جج چوہدری امیر محمد خان نے کی،اس دوران مریم نواز اور یوسف عباس کو پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: چوہدری شوگر ملز کیس‘ مریم نواز کے ریمانڈ میں 2 دن کی توسیع‘والد سے ملنے کی درخواست مسترد