لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں مفت وائی فائی سروس کے دائرۂ کار میں توسیع کردی ہے، سروس مزید مقامات پر پہنچا دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں مفت وائی فائی سروس کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ ترجمان سیف سٹی نے کہا کہ لاہور میں 200، قصور میں 10، شیخوپورہ میں 15 اور ننکانہ صاحب میں 5پوائنٹس پر وائی فائی مفت ہے۔
تمام مقامات پر مفت وائی فائی سروس فراہم کی جارہی ہے۔ گزشتہ 3 ماہ میں 77 لاکھ انٹرنیٹ صارفین نے 111 تیرا بائٹ ڈیٹا استعمال کیا۔ مفت انٹرنیٹ کی سہولت سے عوام کو تعلیم، کاروبار اور سماجی روابط سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں آسانی ہورہی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مریم نواز پنجاب کو ڈیجیٹل صوبہ بنا رہی ہیں، مفت وائی فائی سروس اس ضمن میں اہم اقدام ہے۔ شہری مفت وائی فائی سے استفادہ کرکے روزمرہ زندگی کے معمولات اور کاروباری مصروفیات کے علاوہ ملازمت سے متعلق امور بھی انجام دے سکتے ہیں۔
انٹرنیٹ کی مفت فراہمی کے باعث باہمی روابط میں بھی آسانی ہوئی ہے۔ عوام کی بڑی تعداد واٹس ایپ، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا استعمال ایک دوسرے سے بات چیت اور دفتری گفتگو کی فوری ترسیل کیلئے کرتی ہے۔ مفت وائی فائی کی فراہمی سے عوام کیلئے روابط آسان ہوگئے۔