اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن صفدر کی اپیلوں پر سماعت آج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق العزیزیہ، ایون فیلڈ اور فلیگ سپ ریفرنسز میں کیپٹن صفدر اور مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور داماد اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوں گے۔
نواز شریف کی اپیلوں پر کارروائی آگے بڑھانے کے طریقۂ کار سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے آج فیصلہ متوقع ہے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوشن اور اعظم نذیر تارڑ سے اس حوالے سے قبل ازیں کی گئی عدالتی کارروائی کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف نے العزیزیہ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا ججز بینچ مریم نواز، کیپٹن صفدر اور نیب پراسیکیوشن کے دلائل سنے گا اور اپیلوں پر کارروائی آگے بڑھانے کے طریقۂ کار پر فیصلہ کرے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ن لیگ کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ غداری کے الزامات کئی سال سے سنتے آ رہے ہیں، اداروں کی سربلندی کی بات کرنے والے ہر شخص پہ غداری کا لیبل لگ چکا ہے۔
مریم نواز نے گزشتہ ماہ شیخوپورہ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حق کی بات کرنا آئین و قانون کی پاسداری کا کہنا غدار ہے تو ہم یہ غداری بار بار کریں گے، غداری کے فتوے لگانے والے سن لیں کہ اب پاکستان کے عوام نے ڈرنا چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: غداری کے فتوے لگانے والو! عوام نے ڈرنا چھوڑ دیاہے، مریم نواز
خیال رہے کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی شیخوپورہ آمد پر کورونا ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے جلوس نکالا گیا جس پر ن لیگی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گزشتہ ماہ 17 مئی کے روز ن لیگی رہنما میاں جاوید لطیف کے دو بھائیوں اور بیٹے کے خلاف پرائس مجسٹریٹ کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا جس پر تفتیش شروع کردی گئی۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کی شیخوپورہ آمد، ایس او پیز کی خلاف ورزی، مقدمہ درج