لاہور: ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جس فضل الرحمٰن کو میں جانتی ہوں، وہ پی ٹی آئی سے اتحاد نہیں کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما عطا تارڑ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا پر الیکشن کے نتائج کا غلط تاثر پیدا ہوا، میڈیا کو جعلی فارم 45مہیا کیے گئے۔ صرف 2 فیصد نتائج پر ہار جیت کے فیصلے ہو گئے۔
گفتگو کے دوران سابق وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے متعدد بار میڈیا کو آگہی دی کہ فارم 45 غلط ہیں، جنہیں بعد میں تبدیل کردیا گیا۔ تحریکِ انصاف نے جھوٹا بیانیہ تشکیل دیا۔ ہم تمام تصدیق شدہ چیزیں الیکشن کمیشن کو جمع کروا چکے ہیں۔
ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ جن مولانا فضل الرحمٰن کو میں جانتی ہوں، ان کا تحریکِ انصاف سے اتحاد ہوتا نظر نہیں آتا۔ دیگر سیاسی جماعتوں کی طرح جمعیت علمائے اسلام بھی اپنا اعتراض الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کروا رہی ہے۔
دریں اثناء ن لیگی رہنما عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف نے سیکڑوں جعلی فارم 45 سوشل میڈیا پر اَپ لوڈ کیے۔ فارم 45 بناتے ہوئے وقت لگتا ہے۔ تحریکِ انصاف نے عجلت میں فارمز تیار کیے، ڈیجیٹل دہشت گردی کی اور بیرونی طاقتوں کو آواز دی۔
انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف امریکا سے مدد کا کہہ رہی ہے۔ پہلے پی ٹی آئی کی جانب سے فتح کے اعلانات ہوتے ہیں او رپھر شکست کا اعلان بھی خود کردیا جاتا ہے۔ فارن ایجنٹس کے سربراہ عمران خان ہیں۔اپنے اعتراضات الیکشن کمیشن اور عدالتوں کو بتائیں۔