اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی جانب سے ضلع باجوڑ میں سرحد پار سے پاک فوج کی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ اور جوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
شیخ رشید نے سرحد پار فائرنگ سے سپاہی جمال اور سپاہی ایاز کی شہادت کی اطلاع پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے وطن عزیز کی خاطر جان قربان کرنے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ باجوڑ ڈسٹرکٹ میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں نے پاک فوج پر شدید فائرنگ کی، جس کی زد میں آکر پاک فوج کے 2جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی پر پاکستان کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ پاک افغان بین الاقوامی بارڈر پر قائم پاک فوج کی چوکی پر سرحد پار سے فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے حملے کا پاک فوج کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشتگرد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہو گئے۔ دہشتگردوں نے افغان علاقے سے فوجی چوکی کو نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: پاک افغان بارڈر، سرحد پار سے دہشت گردوں کا حملہ، پاک فوج کے 2جوان شہید