اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ہمسایہ ملک کے دورے کیلئے روانہ ہوگئے، جبکہ دورۂ چین سی پیک کی نئی منزل کیلئے اہم کردار ادا کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف چین کے اہم دورے کیلئے روانہ ہوئے ہیں جبکہ گزشتہ 4سال سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبہ تاخیر کا شکار تھا۔
سیلاب زدہ علاقوں کی تعمیرِنو، چین کی پاکستان کو 50 کروڑ یوآن امداد
نیوز کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ سی پیک کی نئی منزل کے تعین کیلئے اہم کردار کا حامل ہوگا۔ تاخیر کا شکار، نئے اور توسیعی سی پیک منصوبوں کیلئے معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ سی پیک کا نیا دور شروع ہونے والاہے۔
وفاقی وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ ملک کے نوجوانوں اور خطے کیلئے ترقی و روزگار کا راستہ ثابت ہوگا۔ ایک شخص 2014 میں کنٹینر پر چڑھا، جس سے چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوگیا۔ آج وزیر اعظم چین گئے، وہی شخص دھرنوں پر نکلا ہوا ہے۔
وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ شخص گالی، دھمکی اور گندی زبان استعمال کرتا ہے۔ عمران خان تاثر دینے کی کوشش کرتے ہیں کہ ان کی جنگ بڑی حقیقی آزادی کی جنگ ہے۔آپ چاہتے ہیں ادارے آئین کے ساتھ نہ ہوں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو عمران خان چاہتے ہیں، ایسا نہیں ہوگا۔ رات کو آپ نے خطرناک بات کی اور کہا کہ مارشل لاء لگتا ہے تو لگ جائے۔ عمران خان کا مقصد ملک کو 4ٹکڑوں میں تقسیم کرنا ہے۔ آپ چاہتے ہیں کہ ملک میں ایمرجنسی لگ جائے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن اپنے وقت پر ہوں گے، جس کا تعین آئین نے کیا جبکہ کل وزیر اعظم نے کسانوں کیلئے تاریخی پیکیج دیا تھا۔ جب کسان پیکیج کا اعلان ہوا، تم، نے مارشل لاء کی بات کہی۔ 1500 یا 2000لوگ پورا پاکستان نہیں ہوتے۔ آپ اپنی 4سالہ ناکامی پر پردہ ڈال رہے ہیں۔