سات ماہ کی مہنگی پری ویڈنگ تقریبات کے بعد ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے آننت امبانی اور رادھیکا امپانی کی شادی ہوگئی۔ تقریب میں شادی کے علاوہ بھی بہت کچھ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی ہزاروں مہمانوں کی موجودگی میں گزشتہ روز ہوئی۔ تقریب میں کم اور کلوئی کرداشیان، نک جونس اور پریانکا چوپڑا، برطانیہ کے سابق وزرائے اعظم ٹونی بلیئر اور بورس جانسن بھی موجود تھے۔
ساحلی شہر ممبئی میں ہونے والی بھارت کی یہ سب سے بڑی تقریب بھارتی شوبز ستاروں سے بھی مزین رہی جن میں رجنی کانت، سنجے دت، شاہ رخ خان اور دیگر شامل تھے۔ سابق صدر رام ناتھ کووند، متعدد بھارتی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی تقریب کا حصہ بنے۔
فوربز میگزین کا کہنا ہے کہ ریلائنس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی کے اثاثوں کی مالیت 122 ارب ڈالرز ہے۔ بارش سے بھیگتے ہوئے ممبئی شہر میں پولیس نے پہلے ہی متعدد سڑکیں بند کرکے شہریوں کو متبادل راستے کی جانب موڑ دیا تھا تاکہ یہ تقریب آسانی سے ہوسکے۔
تقریب میں شرکت کرنے والوں میں اداکارہ جھانوی کپور بھی شامل تھیں جنہیں فوٹو کھنچوانے کیلئے پوز دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ ایک اور ویڈیو میں عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کو بھی دیکھا گیا۔
معروف فلم ساز راج کمار ہیرانی اور اداکار رنویر سنگھ کو بھی ایک ساتھ دیکھا گیا۔ دونوں فنکار شادی کی تقریب کے دوران موسیقی پر تھرکتے ہوئے نظر آئے۔ایک موقعے پر ایشوریا رائے کو بھی بیٹی کے ہمراہ دیکھا گیا۔
بالی ووڈ فلمز کے کلاسک دور کی یادگار اداکارہ ریکھا بھی تقریب کا حصہ بنیں اور بھارت میں روحانی شخصیت سمجھے جانے والے بابا رام دیو کو بھی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
شادی کرنے والے جوڑے کی پہلی تصویر نے سوشل میڈیا صارفین میں ہلچل مچا دی۔ تصویر میں دلہن اور دولہے کی مسکراہٹ نے دلوں کا حال کہہ دیا۔بعد ازاں دلہن رادھیکا مرچنٹ کے فوٹو شوٹ کو بھی سوشل میڈیا پر خوب داد ملی۔دولہے کی شادی کیلئے تیاری کی ویڈیو کو بھی سراہا گیا۔
شادی پر اخراجات
تاحال آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی پر آنے والے اخراجات کی تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ شادی پر اخراجات 320 ملین ڈالرز آئے ہیں جو بھارتی کرنسی میں 2400کروڑ بنتے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی میڈیا (ٹائمز آف انڈیا) کا کہنا ہے کہ پری ویڈنگ سمیت شادی کی تقریبات پر امبانی خاندان نے 4 ہزار سے 5 ہزار کروڑ بھارتی روپے خرچ کیے جو صفر اعشاریہ 6ارب ڈالرز بنتے ہیں اور یہ رقم امبانی خاندان کی نیٹ ورتھ کا صفر اعشاریہ 5فیصد بنتی ہے۔
خیال رہے کہ آننت امبانی مکیش امبانی کے سب سے چھوٹے بیٹے ہیں جبکہ ایشیا کی امیر ترین کاروباری شخصیت مکیش امبانی کی نیٹ ورتھ کا جولائی 2024 تک کے اعدادوشمار کے مطابق تخمینہ 123 اعشاریہ 3ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔