کراچی / پشاور: صوبہ سندھ اور خیبر پختوانخوا کی صوبائی حکومتوں نے میرج ہالز کھولنے کی اجازت دے دی، آج سے اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر (ایس او پیز) کے تحت دونوں صوبوں میں شادی کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔
سندھ حکومت نے تمام شادی ہالز کو تقریبات کے اہتمام کی اجازت دینے کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے جس کے تحت گزشتہ چھ سات ماہ سے تعطل کا شکار شادی بیاہ کی تقریبات بحال کردی گئی ہیں۔ نوٹیفیکیشن کے تحت کراچی سمیت تمام شہروں میں شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران ایس او پیز کی پابندی لازمی ہوگی۔
اس او پیز کے تحت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے سماجی فاصلے کے اہتمام اور ماسک پہننے سمیت دیگر احتیاطی تدابیر کا اہتمام ضروری قرار دیا گیا۔ دوسری جانب خیبر پختونخوا حکومت نے بھی میرج ہالز کو اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پراسیجر (ایس او پیز) کے تحت ہی شادی بیاہ کی تقریبات شروع کرنے کی اجازت دی ہے۔
شادی ہالز کیلئے اسٹاف کے افسران اور ممبران کا کورونا وائرس ٹیسٹ کروانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ہالز میں کام کیلئے اسٹاف کی تعداد کو 50 فیصد تک محدود کردیا گیا۔ تھرمل گنز کے ذریعے شادی ہالز میں عملے اور آنے جانے والے تمام افراد کی اسکریننگ کی جائے گی تاکہ کورونا وائرس کے خطرات کم کیے جاسکیں۔
میرج ہالز میں شادی بیاہ کی ہر تقریب کے آغاز سے قبل سینیٹائزیشن ضروری ہوگی۔ ہر شادی ہال کو 10 بجے شب کے بعد بند کردیا جائے گا۔ شادی بیاہ اور ولیمے سمیت کوئی بھی تقریب 2 گھنٹے سے زیادہ طویل نہیں ہوسکے گی۔ قبل ازیں رواں برس مارچ میں ہی شادی ہالز اور کاروباری مراکز کو بند کردیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل لاک ڈاؤن کے باعث کاروباری و تعلیمی سرگرمیاں کم و بیش 6 سے 7 ماہ تک بندش کا شکار رہیں، ملک بھر میں تعلیمی ادارے آج سے کھول دئیے گئے ہیں۔
حکومتی فیصلے کے تحت میٹرک، انٹر اور جامعہ کی سطح کی تعلیم آج شروع کی جائے گی۔ آج نویں کلاس سے لے کر اعلیٰ سطحی تعلیم تک اسکولز، کالجز اور یونیورسٹیاں کھول دی گئیں۔ دوسرے مرحلے میں مڈل کلاسز اگلے ہفتے سے جبکہ پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے شروع کی جائیں گی۔
مزید پڑھیں: پاکستان بھر میں تعلیمی ادارے آج سے کھول دئیے گئے