اسلام آباد میں مسیحی لڑکی سونیا کو قتل کرنے والا ملزم مقتولہ کو رشتہ بھیجنے والا لڑکا نکلا تاہم ملزم تاحال گرفتار نہیں ہوسکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ کورال کی حدود میں واقع فضائیہ اسٹاپ پر سونیا نامی عیسائی لڑکی اور ملزمان راولپنڈی کے علاقے پرانا ائیرپورٹ کے رہائشی تھے۔ ملزم شہزاد عرف شانی مقتولہ سے شادی کا خواہش مند تھا جس کی والدہ نے سونیا کے گھر رشتہ بھی بھیجا تھا۔
رشتہ بھیجنے پر سونیا کے والدین نے انکار کردیا جبکہ مقتولہ کی فیضان نامی لڑکے کے ساتھ دوستی ہوگئی تھی۔ فیضان لڑکی کو موٹر سائیکل پر لے کر ہائی وے پر جا رہا تھا جس کے دوران شہزاد نے فضائیہ اسٹاپ پر آ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں لڑکی ہلاک ہو گئی۔
بعد ازاں تھانہ کورال پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد فیضان کو گرفتار کیا جبکہ دوسرے ملزم شہزاد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش کے دوران قتل کی وجہ ذاتی رنجش محسوس ہوتی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہم واقعے کے تمام پہلوؤں پر تفتیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس مقابلہ، 2 زخمی ڈاکو گرفتار، تیسرا فرار، مقدمہ درج