راولپنڈی میں انسپکٹر عمران عباس کو شہید کرنے والے ملزم کو پولیس مقابلے کے دوران ہلاک کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ ویسٹریج کی حدود میں پولیس ناکے کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم ہلاک ہوگیا جس کی شناخت چوہدری زاہد کے نام سے ہوئی۔
ویسٹریج تھانہ پولیس کے مطابق ملزم اپنے ساتھی شاہد کے ہمراہ 2 ہفتے قبل انسپکٹر عمران عباس پر فائرنگ کرکے انہیں شہید کرنے کے واقعے میں ملوث تھا۔ تھانہ چونترہ میں بھی ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس حکام بھاری نفری لے کر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گاڑیاں کرائے پر لیتے تھے جو مالکوں کو واپس نہیں کی جاتی تھیں۔
ایس ایچ او عمران عباس نے گاڑیاں قبضے میں لینے کے بعد پولیس تھانہ کلر سیداں کے حوالے کیں جس پر ملزمان زاہد اور ساتھیوں نے انسپکٹر عمران عباس پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں انسپکٹر عمران عباس جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی میت پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کی گئی ہے۔ شہریوں اور پولیس پر حملے کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔ سنگین مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی ٹریس کرکے قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: رینجرز کی گاڑی کے قریب کریکر حملہ، 2 اہلکاروں سمیت 4 افرادزخمی