پاکستان سمیت دُنیا بھر کے موبائل صارفین کو ہوشیار ہونا ہوگا کیونکہ تاوان مانگنے والا وائرس کمپیوٹر کی دُنیا میں لوٹ مار کرنے کے بعد موبائل کی دُنیا گھومنے نکل گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مائیکروسافٹ نامی امریکی کمپنی نے اینڈرائڈ نامی موبائل آپریٹنگ سسٹم استعمال کرنے والے صارفین کو اطلاع دی ہے کہ رینسم وئیر یعنی تاوان مانگنے والا وائرس اب موبائل کی دُنیا میں بھی قدم رنجہ فرما چکا ہے۔
قبل ازیں رینسم وئیر یعنی تاوان مانگنے والے وائرس کمپیوٹر کی دُنیا میں عام ہوئے جن کے باعث ہزاروں کی تعداد میں پرسنل کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے انٹرنیٹ صارفین اپنی قیمتی معلومات، تصاویر، ویڈیوز اور اہم دستاویزات سے محروم ہو گئے۔
سوشل میڈیا صارفین کو ایپس قابلِ اعتماد ذرائع سے ہی ڈاؤن لوڈ کرنی چاہئیں کیونکہ یہ وائرس صارفین کو فون کی اسکرین تک رسائی سے روک کر موبائل کو ناقابلِ استعمال بناتا ہے۔وائرس کا نام MalLocker.B ہے۔
صارفین سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ اگر آپ اپنے موبائل فون کو اَن لاک کرنا چاہتے ہیں تو تاوان کی رقم ہمیں بھیجیں۔ جب تک رقم نہ دی جائے، موبائل فون نہیں کھولا جاسکتا۔ وائرس ایک موبائل سے دوسرے میں آسانی سے نقل ہوجاتا ہے۔
مائیکروسافٹ کے مطابق اینڈرائڈ فون صارفین ایپس ڈاؤن لوڈ کرتے وقت واضح لنکس اور معروف سورسز استعمال کریں اور نت نئی ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے کی بجائے قابلِ اعتماد ایپس پر انحصار کریں۔
یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس ٹیسٹ کیلئے کریڈٹ کارڈ سے ملتی جلتی تیز ترین کِٹ تیار