راولپنڈی:انتظامیہ کی جانب سے مسلسل نظر انداز کئے جانے کے بعد شہری خود میدان میں آگئے، خراب اسٹریٹ لائٹس اپنی مدد آپ کے تحت ٹھیک کروانا شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق اندرون شہر گنجان آباد علاقوں ظفرالحق روڈ حق نواز روڈ چاہ سلطان امرپورہ قاسم آباد ڈھوک کھبہ محلہ حکم داد یونین کونسل 31 کی اسٹریٹ لائٹس طویل عرصے سے خراب ہیں۔
ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سرکاری فنڈز سے کروڑوں کے بجٹ سے لگائی جانے والی ایل ای لائٹس انتہائی ناقص ناکارہ کوالٹی کی ہیں، جواکثر خراب ہوجاتی ہیں اور بند پڑی رہتی ہیں، انتظامیہ اس جانب کوئی توجہ نہیں دیتی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اسٹریٹ لائٹس خراب ہونے کے باعث بزرگ،خواتین اور شہریوں کا رات کو اندھیرے میں باہر نکلنا محال ہوچکا ہے۔جس کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم چوریوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
ظہیراحمداعوان چیئرمین سٹیزن ایکشن کمیٹی نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ سٹیزن پورٹل پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اسٹریٹ لائٹس انچارج رفاقت گوندل اور عملے کو بارہا شکایات درج کروائی گئی لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔بلکہ آگے سے کہا جاتا ہے کہ سامان نہیں ہے۔