کوالالمپور: ملائیشیا نے لاک ڈاؤن والے علاقے سے ایک ہزار 368 غیر قانونی پناہ گزینوں کو حراست میں لے لیا۔ انڈونیشیا، بھارت، پاکستان، میانمار اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملائیشین دارالحکومت کوالالمپور کے باہر ایک بڑی مارکیٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔گرفتار کئے گئے تمام افراد کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔
بین الاقوامی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ملائیشیا میں ان کریک ڈاؤنز کے نیتجے میں حالات کے مارے لوگوں کے روپوش ہونے اور گنجائش سے زائد بھری ہوئی جیلوں میں انفیکشن بڑھنے کے خدشے کے باجود اس قسم کے چھاپے جاری ہیں۔
اس حوالے سے امیگریشن ڈپارٹمنٹ سے جاری بیان کے مطابق انڈونیشیا، بھارت، پاکستان، میانمار اور بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے افراد کو ملائیشین دارالحکومت کوالالمپور کے باہر ایک بڑی مارکیٹ کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔
اس چھاپے میں 261 خواتین اور 98 بچوں کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ ایک ہفتے قبل بھی اس قسم کی کارروائی عمل میں آئی تھی جس نے اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو خبردار کردیا۔دیکھنا یہ ہے کہ اس حوالے سے اقوام متحدہ کیا ایکشن لیتی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ زیر حراست ان پناہ گزینوں کے جرائم میں مکمل شناختی دستاویز نہ ہونا، مدت گزرجانے کے باوجود رہائش اور جعلی دستاویزات رکھنا شامل ہیں۔