لندن: دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ لڑکی ملالہ یوسف زئی کا متاثر کن تدریسی ویڈیوز بنانے کے لیے مشہور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے ساتھ معاہدہ طے پاگیا۔
ملالہ یوسف زئی نے حال ہی میں ”ایکسڑا کریکولر” کے نام سے اپنی پروڈکشن کمپنی شروع کی ہے۔ اس ضمن میں اُن کا امریکی کمپنی ایپل ٹی وی کے ساتھ معاہدہ ہوا ہے۔
معاہدے کے حوالے سے ملالہ یوسف زئی نے انسٹاگرام پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میں ایسی طاقت ور کہانیاں بنانے پر یقین رکھتی ہوں جو خاندانوں کے درمیان قربتیں، دوستیوں کو قائم کرنے اور بچوں کے خواب پورا کرنے میں متاثر کن ثابت ہوسکتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ایپل کمپنی کے اشتراک سے نہ صرف اس طرح کی کہانیاں بنانے سے خواتین، نوجوان، لکھاری اور دیگر فن کاروں کو مدد ملے گی بلکہ جس طرح یہ لوگ اپنے فن سے دنیا کو دیکھتے ہیں، ویسے ہم بھی دیکھ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ یونیورسٹی نے طلباء اور طالبات کے لئے نیا لباس متعارف کرادیا
خواتین کے حقوق کی علم بردار نے اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ پروگرام پارٹنر شپ پر جو معاہدہ ایپل کمپنی کے ساتھ انجام پایا ہے اس میں ڈرامہ، ڈاکیو مینٹری، اینی میشن اور بچوں کی سیریز شامل ہیں۔